اخبارات صرف کاغذ کا ٹکڑا نہیں بلکہ روزانہ کی بنیاد پر دنیا جہاں میں رونما ہونے والے حالات و واقعات کا عکس ہوتے ہیں، اخبار بینی کے دن کے موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات کا پیغام

کوٹلی (پی آئی ڈی ) وزیراعظم کے معاون خصوصی اطلاعات ،ماحولیات و سمال انڈسٹریز چوہدری محمد رفیق نیر نے کہا ہے کہ اخبارات پبلسٹی کا ایک طاقتور ذریعہ ہیں ۔اخبارات رائے عامہ کی ترقی میں معاون اور عوامی شکایات کو زمہ دار حکام تک پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کرتے ہیں ۔اخبارات ہمیشہ سے مستند خبریں اور معلومات فراہم کرنے کا ذریعہ رہے ہیں اور دنیا بھر میں ہر کسی کا ان پر اعتماد ہے ۔معاون خصوصی اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار اخبار بینی کے قومی دن کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اخبارات صرف کاغذ کا ٹکڑا نہیں ہوتے بلکہ روزانہ کی بنیاد پر ان میں دنیا جہاں میں رونما ہونے والے حالات و واقعات کی خبریں اور معلومات درج ہوتی ہیں۔ اخبارات کسی بھی ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کھیل فنون لطیفہ صنعت و تجارت اور کاروبار کے بارے میں خبریں فراہم کرتے ہیں۔ ہماری زندگی میں اخبار بینی سے کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں جن کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ اخبار بینی کی عادت انسان کے نقطہ نظر کو وسیع اور اس کے علم میں اضافہ کرتی ہے۔ صبح سویرے دن کی شروعات اخبار بینی سے کرنا ایک بہت مفید سرگرمی ہے اس سے ہمیں ملک اور دنیا بھر میں ہونے والے حقیقی واقعات کی معلومات ملتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سیاست کے حالات جاننے کے لیے اخبار پڑھتے ہیں جبکہ کچھ کی دلچسپی کاروبار اور معیشت سے متعلق خبروں میں ہوتی ہے کھیلوں کے شوقین افراد سب سے پہلے کھیل کی خبریں پڑھنے کو ترجیح دیتے ہیں

ادب سے لگاؤ لکھنے والے افراد کی دلچسچی خبروں اور اداریے پر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات کا باقاعدہ اور گہرا مطالعہ کرنے سے نہ صرف روزانہ کی بنیاد پر ملک اور بیرونی دنیا سے باخبر رہنے کا موقع ملتا ہے بلکہ اس کی روشنی میں انسان خود کو عملی اور پیشہ ورانہ زندگی کے لیے بھی بہتر طور پر تیار کر سکتا ہے اگر کوئی شخص باقاعدگی سے اخبارات کا مطالعہ کرتا ہے تو دوسروں سے گفتگو میں اس کے پاس الفاظ اور معلومات کا ایک ذخیرہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات مطالعہ کی عادت بڑھانے کا بہترین ذریعہ ہیں کیونکہ یہ قارئین کو مستقل بنیادوں پر کچھ نہ کچھ سکھاتے ہیں اخبار کا مطالعہ لکھنے اور پڑھنے کی صلاحیتوں کو بہتر بناتا ہے۔۔۔۔

close