تاریخ رقم، بابراعظم اور محمدرضوان کی ناقابل شکست اننگ، پاکستان نے انگلینڈ کو دس وکٹوں سے شکست دیدی

کراچی(پی این آئی)7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کا 200 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرلیا۔پاکستان نے بابر اور رضوان کی شاندار اننگز کی بدولت 200 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کرکے انگلینڈ کے خلاف 10 وکٹوں کامیابی حاصل کی اور سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی ۔دنوں ٹمیوں میں ایک، ایک تبدیلی کی گئی، پاکستان ٹیم میں نسیم شاہ کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا گیا ہے جبکہ انگلش ٹیم میں رچرڈ گلیسن کی جگہ لیام ڈاؤسن کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔پاکستان کے خلاف انگلینڈ کا آغاز اچھا رہا، دنوں اوپنرز کے درمیان 42 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر ایلکس ہیلز 21 گیندوں پر 26 رنز بناکر دھانی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔انگلینڈ کو دوسرا نقصان 42 کے مجموعی اسکور پر ہی اٹھانا پڑا، ڈیوڈ ملان پہلی کی گیند پر دھانی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔پاکستان کو تیسری کامیابی فل سالٹ کی صورت میں ملی، وہ 27 گیندوں پر 30 رنز بناکر پویلین لوٹے۔اس کے علاوہ بین ڈکٹ 43 اور ہیری بروک 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔تاہم اختتامی اوورز میں کپتان معین علی نے جارحانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور مقررہ 20 اوورز میں 199 تک پہنچایا، وہ 23 گیندوں پر 55 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہنواز دھانی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حسنین سب سے مہنگے بولرز ثابت ہوئے، انہوں نے4 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے 51 رنز دیے۔یاد رہے کہ انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، پہلے میچ میں انگلش ٹیم نے گرین شرٹس کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی تھی۔واضح رہے کہ 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے چار میچز کراچی اور تین لاہور میں ہوں گے۔انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر انجری کی وجہ سے کراچی میں ہونے والے میچز میں شرکت نہیں کرسکیں گے، اس دوران کپتانی کے فرائض معین علی انجام دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں