آزاد کشمیر میں معیار تعلیم کو بلند کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی طر ف جا رہے ہیں، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کا نجی تعلیمی ادارے میں منعقدہ تقریب سے خطاب

مظفرآباد (آئی اے اعوان ) نجی تعلیمی ادارے سٹی سکول کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیرمیں معیار تعلیم کو بلند کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی طر ف جارہے ہیں، موجودہ چینلجز سے مقابلہ کرنے کے لیے تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔ معیاری تعلیم ترقی کا پہلا زینہ ہے جسے چڑھ کر ہم ترقی یافتہ قوموں کی صف میں شامل ہو سکتے ہیں۔

پر اعتماد نسل نو کی تیاری مکتب کے اولین فرائض میں شامل ہے، آج کی تقریب میں بچوں کا اعتماد دیکھ کر انتہائی مسرت ہوئی، جس پر ادارہ کے سٹاف کو خراج تحسین پیش کر تا ہوں، جس ملک نے بھی ترقی کی تو اس نے تعلیم کے شعبے میں بے پناہ توجہ دی، جو قومیں شعور اور آگہی حاصل کرلیتی ہیں وہیں قومیں حقیقتاً ترقی اور کامیابی کی منازل تیزی سے طے کرنے کے قابل بن جاتی ہیں۔ استاد کو عزت وہی قوم دیتی ہے جو تعلیم کوعزت دیتی ہے اور اپنی آنے والی نسلوں سے پیار کرتی ہے۔تعلیمی اداروں میں مرحلہ وار پلاننگ کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بہتری لائیں گے۔سرکاری تعلیمی ادارے بھی اپنے طور پر کارکردگی دکھا رہے ہیں لیکن ان میں مزید بہتری کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا میکانزم بنانا ضروری ہے۔ تقریب میں وزرا حکومت عبدالماجد خان اور چوہدری محمد رشید، سابق چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس غلام مصطفی مغل، سید ذیشان حیدر، کمشنر مظفرآباد مسعودالرحمان،سردار رحیم خان، سردار گلفراز، پرنسپل ادارہ محترمہ امبرین سہیل، راحت آغا، شوکت اعوان ودیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ سکول کے بچوں کا اعتما د دیکھ کر خوشی ہوئی، مستقبل کے معماروں کی درست سمت رہنمائی کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی پہلی ترجیح زبان ہو نی چاہیے۔ہمیں احساس کمتری کاشکار نہیں ہونا۔ جرمن، چائینیز، فرنچ اور ترک قوموں نے اپنی زبان کے ساتھ دنیا کے محاذ سر کیے۔

آج ہم جن ممالک کو ترقی یافتہ قرار دیتے ہیں،وہاں درحقیقت ترقی کے بعد تعلیم کو فروغ ملا۔انہوں نے کہا کہ مضبوط اورپائیدار عمارت کی تعمیر کے لیے ضروری ہے کہ بنیاد بھی مضبوط اور پائیدارہو۔ اسی طرح قوم کی تعمیر، تشکیل، ترقی اور نشوونما کے لیے ضروری ہے کہ قومی بلڈنگ کی پائیدار اور مستحکم تعمیر کے لیے اس کی بنیاد یعنی نظامِ کا بہترین ہونا ضروری ہے۔ آزادخطہ میں معیار تعلیم کی بہتری کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیں گے۔ وزیراعظم نے ادارہ کے سٹاف سے کہا کہ وہ اپنے ادارے کا ایڈوائزری بورڈ قائم کریں اور جسٹس ر غلام مصطفی مغل، وزراء حکومت عبدالماجد خان، چوہدری رشید جیسی شخصیات کو اس کا حصہ بنائیں۔اس موقع پروزیراعظم نے Highest Achievementایوارڈ کے لیے فی کس 60 ہزار جبکہ سٹی سکول کے لیے 7 لاکھ روپے کا اعلان کیا جبکہ تقریب میں پرفارم کرنے والے بچوں کے لیے 2500فی کس کیش انعام کا اعلان بھی کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close