تین بڑے حکومتی اتحادیوں کا ٹیلیفونک رابطہ، عمران خان کے عام انتخابات کےمطالبے پر فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) تین بڑے حکومتی اتحادیوں نے عام انتخابات کے حوالے سے عمران خان کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اتحادی حکومت معاشی استحکام اور سیلاب زدگان کی بحالی کے بعد اگلے سال عام انتخابات کی طرف جائے گی عمران خان کے لانگ مارچ سے الیکشن کی تاریخ نہیں دی جائے گی انصاف کا ترازو سب کیلیے یکساں ہونا چاہیے ،عمران خان جس کا لاڈلہ ہے وہ خفیہ ہاتھ بے نقاب کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق3 حکومتی بڑوں کا ٹیلیفونک رابطہ ہو ا ہے ،

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اورپاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو ٹیلیفون کیا،تینوں سیاسی رہنماوں نے موجودہ معاشی اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ گفتگو میںعمران خان کی نئی احتجاجی کال سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی ۔عمران اینڈ کمپنی کو مختلف کیسز میں شواہد کے باوجود ریلیف دیے جانے پر حکومتی اتحادیوں نے اظہار تشویش کیا اور

تینوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ انصاف کا معیار سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے، اس میں پسند ناپسند نہیں ہونی چاہیے ،رہنمائوں نے عام انتخابات کے حوالے سے عمران خان کو کوئی قبول نہ کرنے پر بھی اتفاق کیا ۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سیلابی اور معاشی صورتحال کے تناظر میں حکومتی اتحاد مشاورت سے فیصلے کرے گا۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ عمران کا لاڈلا پن برداشت کرنے والے خفیہ ہاتھوںکو سامنے لانا چاہیے،آصف زرداری سیاسی صورتحال کے تناظر میں اہم رابطے اور ملاقاتیں کریں گے، بڑھتی ہوئی مہنگائی میں عوام کو ریلیف دیا جانا بہت ضروری ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں