پی ڈی ایم کے امیدوار سینئر سیاستدان نےضمنی الیکشن کے التوا کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

پشاور(آئی این پی)عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما اور پی ڈی ایم کے امیدوار حاجی غلام احمد بلور نے ضمنی الیکشن کے التوا کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرا دی ، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن کا جلد از جلد انعقاد ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان پر 22ستمبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے لہٰذا الیکشن کیلئے بہتر وقت 20ستمبر ہے،

انہوں نے کہا کہ عمران خان نااہل ہوئے توالیکشن بے معنی ہوگا ،لہٰذا 22ستمبر سے قبل الیکشن کرایا جائے تاکہ ملک و قوم کو نقصان پہنچانے والے اس شخص کا غرور و تکبر خاک میں ملایا جا سکے، حاجی بلور نے کہا کہ اے این پی انتخابات کیلئے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں موجود ہے اور حیلے بہانوں سے پی ٹی آئی کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دے گی،انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت نظر ثانی درخواست کا جائزہ لے کر الیکشن کرانے کا حکم جاری کرے گی،انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کو ہر قانون و آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں ،ایسے شخص کو اس کی سیاسی حیثیت کا الیکشن کے ذریعے پتہ چل جائے گا، انہوں نے کہا کہ اپنے سیاسی مقاصد کیلئے اداروں کو دھمکانے کی روش عمران نیازی نے ڈالی ہے،ایسے میںاسے آئینی و قانونی طریقے اور عوامی مینڈیٹ کے ذریعے سیاسی میدان سے آؤٹ کر نا ضروری ہو گیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں