عمران خان کو نا اہل کرنا یا جیل بھیجنا کیوں ممکن نہیں؟ شیخ رشید احمد نے بڑی وجہ بتا دی

راولپنڈی (پی این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران کو نا اہل کرنا، مائنس کرنا یا جیل بھیجنا ممکن نہیں، عدلیہ کی دانشمندی عنقریب الیکشن کروائے گی۔

 

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ہے، معاشی تباہی، سیاسی عدم استحکام اور مہنگائی انہیں لے ڈوبے گی، لوگ خود بخود سڑکوں پہ ہوں گے کیوں کہ سیلاب نے پیپلزپارٹی کی سیاست دفن کردی ہے، سندھ میں غذائی قحط ہوگا، گندم، کپاس اورگنا نہ ہوگا، لاڑکانہ، نواب شاہ تک بھی مدد نہیں پہنچی۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کے رونے سے بجلی اور پٹرول سستا نہیں ہوگا، ایل سی نہیں کھلے گی تو کارخانے کیسے چلیں گے؟ نواز شریف اپنے بھائی شہباز شریف کی بات نہیں مانے گا۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ تناؤ اور کھچاؤ بحران پیدا کرے گا، عمران خان کی جیت کے ڈر سے 11 حلقوں میں انتخابات ملتوی کیے گئے، عمران خان کو نااہل کرنا، مائنس کرنا یا جیل بھیجنا ممکن نہیں ہے، عدلیہ کی دانشمندی عنقریب الیکشن کروائے گی کیوں کہ صرف الیکشن ہی حل ہے۔دوسری طرف مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت گرانے والوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

 

 

2023ء کے شروع یا وسط میں ہرحال میں الیکشن ہونے ہیں، پنجاب میں ق لیگ کا کوئی بندہ انہوں نے وزیر نہیں بنایا اس وقت وہاں حالات ایسے ہیں کہ پنجاب حکومت اس وقت بچوں کا کھیل بنی ہوئی ہے، ایسی صورتحال میں اگر کچھ لوگ سامنے آتے ہیں اور اس حکومت کو گرانے میں ہمارا ساتھ دیتے ہیں تو ہم کیوں نہ ان کی با ت سنیں گے اور ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر کچھ لوگ استعفیٰ دے دیتے ہیں اور اس کے بعد گورنر چوہدری پرویز الٰہی سے کہتے ہیں آپ اعتماد کا ووٹ لیں تو وہ نہیں لے سکیں گے، جب وہ اعتماد کا ووٹ نہیں سکیں گے تو اس کے بعد وزیراعلیٰ کا الیکشن ہوگا ایسی صورتحال میں اسمبلی میں شاید اکثریت کسی کے پاس بھی نہ ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں