ایشیا کپ 2022: پہلی ٹیم جو ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی

اسلام آباد(پی این آئی)ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ بی کے اہم میچ میں سری لنکا نے دلچسپ مقابلے کے بعد بنگلادیش کو شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی۔بنگلادیش کا 184 رنز کا ہدف سری لنکا نے آخری اوور میں پورا کیا۔کوشل مینڈس 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شانکا نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ناک آؤٹ میچ کیلئے سری لنکن ٹیم میں ایک جبکہ بنگلادیش کی جانب سے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں۔بنگلادیش نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے، عفیف حسین 39 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ مہدی حسن نے 38، محموداللہ نے 27 اورشکیب الحسن نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔میچ کے اختتامی مراحل میں مصدق حسین کی برق رفتار اننگز کی بدولت بنگلادیش نے مقررہ اوورز میں 183 رنز بنائے۔ مصدق حسین 9 گیندوں پر 24 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔سری لنکا کی جانب سے ہسارنگا اور کرونارتنے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ سری لنکا اور بنگلادیش کو اپنے پہلے گروپ میچ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ میچ دونوں ٹیمیوں کے لیے اہم ہے کیوں کہ جیتنے والی ٹیم سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کا ایشیا کپ 2022 کا سفر ختم ہوجائے گا۔واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔

دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔بھارت گروپ اے سے جبکہ افغانستان گروپ بی سے سپر فور مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close