مثبت سوچیں، انسانیت کی خدمت کریں، جموں جانباز کے چیئرمین غلام حسین شاہد کا کشمیر پریمئیر لیگ پر تنقید کرنے والے بھارت کو پیغام

مظفرآباد (آئی اے اعوان) کشمیر پریمیئر لیگ سیزن ٹو میں ساتویں ٹیم کے طور پر پہلی مرتبہ حصہ لینے والی ٹیم جموں جانباز کے چیئرمین غلام حسین شاہد نے کے پی ایل کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والے پڑوسی ملک بھارت کو پیغام دیا ہے لڑ کر ہم نے دیکھ لیا ہے۔ مثبت سوچیں انسانیت کی خدمت کریں۔

لڑائی سے کونسے ملک کو کامیابی ملی ہے اپنی قوم کا عوام کا خیال رکھیں۔ لڑائی میں کیا رکھا ہے، محبتیں بانٹیں۔ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن آزاد جموں وکشمیر کے مرکزی دفتر کے دورے کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے غلام حسین شاہد کا کہناتھا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے دل بہت بڑے ہیں۔

کشمیر پریمیئر لیگ میں حصہ لینے سے متعلق غلام حسین شاہد کا کہنا تھا کہ میں کرکٹ سے متعلق کچھ نہیں جانتا کشمیر کا نام سن کر کشمیر پریمیئر لیگ کا حصہ بنا ہوں۔ انکا کہنا تھا کہ آئے روز کشمیر پریمیئر لیگ کی رونقوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کشمیر کی خوبصورتی اور رونقیں بڑھ رہی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ کے پی ایل میں حصہ لینے والی کوئی بھی ٹیم مایوس نہیں ہے۔

سب کھلاڑی اچھا کھیل پیش کررہے ہیں سب ٹیمیں اپ سیٹ کر رہی ہیں۔ بہترین لیگ کے باعث کشمیر کی فتح ہوئی ہے۔ غلام حسین شاہد نے کہاکہ کشمیری نوجوان کھلاڑیوں کو کرکٹ کی تربیت دلانے کیلئے مواقع اور وسائل فراہم کریں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close