خواتین بائیکرز کا آزاد کشمیر میں شاندار استقبال، وزیراعظم آزاد کشمیر کی حوصلہ افزاء گفتگو

مظفرآباد (پی آئی ڈی) م وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ خواتین کو جو مقام اسلام نے دیا وہ کسی اور مذہب میں حاصل نہیں جبکہ پاکستان میں خواتین کا تحفظ اور تکریم کے ساتھ جو نمایاں کردار ہے وہ کسی دوسرے ملک میں نظر نہیں آتا، پاکستان میں خاتون وزیراعظم بنیں، پائلٹ بنیں۔

تعلیم اور کھیلوں کے میدان سمیت افواج پاکستان اوو ہر شعبہ زندگی میں ہماری خواتین نے پوری دلیری اور عزت و احترام کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، مقبوضہ کشمیر کی خواتین اپنے بھائیوں اور بیٹوں کے شانہ بشانہ سبز ہلالی پرچم اوڑھ کر جدوجہد آزادی میں مصروف عمل ہیں، زخمی ہوتی ہیں شہادت پاتی ہیں ان کے گھر اور خاندان اجڑ جاتے ہیں لیکن انکے جذبہ حریت میں کمی نہیں آتی۔ڈسکور پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان کے مختلف شہروں سے موٹر بائیکس پر آزادکشمیر کے سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والی رائیڈرز کے جذبے اور ہمت کو سراہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسکور پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت سی ای او ڈسکور پاکستان ڈاکٹر قیصر رفیق نے کی۔وفد میں مرزا عدیل بیگ ایکزیکٹیو ڈائریکٹر ڈسکور پاکستان، چوہدری محمد وقاص ڈائریکٹر کوآرڈینشن، عمیر منظور پروڈیوسر، دانش قمر سمیت بائیک رائیڈر رافعہ اسلم ہوسٹ ڈسکوری رائیڈ،عفیفہ مختار،فریدہ، بریرہ،سعدیہ، عبادت، سمیرہ بتول، مومنہ ویگربھی موجود تھیں۔اس موقع وزیراعظم آزادکشمیر کو رائیڈرز نے بریف کیا کہ اس ٹور کے دوران مجموعی طور پر 13 خواتین بائیکرز کا کوہالہ میں پروفیسر تقدیس گیلانی۔ریحانہ خان اور دیگر خواتین نے استقبال کیا۔

بائیکرز نے ایک دن مظفرآباد شہر میں گذارا اور دوسرا دن پیر چناسی گئیں جبکہ بقیہ ایام کٹن، اٹھمقام، کیرن۔رتی گلی اور پھر اپر نیلم کے علاقوں میں گذارے۔ پورے ٹور کے دوران پاکستان کے مختلف شہروں سے آئی ہوئی بائیکرز کی حکومت آزادکشمیر نے خصوصی میزبانی کی اور ٹورازم پولیس نے ہمہ وقت انکا خیال رکھا جس پر وفد نے وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کا شکریہ ادا کیا اور اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے خواتین بائیکرز کے جوش و جذبے کو سراہا اور حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے تحائف اور تعریفی اسناد سے انکی حوصلہ افزائی کی۔وفد نے آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو اہم تجاویز بھی دیں۔اس موقع پر وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی، پارلیمانی سیکریٹری وویمن ڈویلپمنٹ و سوشل ویلفیئر پروفیسر تقدیس گیلانی، پارلیمانی سیکریٹری بیگم امتیاز نسیم، ممبر اسمبلی صبیحہ خاتون، پی ٹی آئی آزادکشمیر کے جنرل سیکریٹری اور چیئرمین معائنہ و عملدرامد کمیشن راجہ منصورخان، چیئرمین وویمن کمیشن ریحانہ خان۔رہنما تحریک انصاف میجر خرم حمید خان روکھڑی اور دیگر موجود تھے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے مزید کہا کہ خواتین بائیکرز نے جس طرح آزادکشمیر کا دورہ کر کے سیاحت کو پروموٹ کیا یقیناً یہ ایک دلیرانہ اقدام ہے، حکو مت آزادکشمیر سیاحت کے فروغ کے لیے جامع پالیسی کے تحت کام کر رہی ہے۔ آزادکشمیر میں موجود سیاحت کے پوٹنشل سے فائدہ اٹھانے کے لیے حکومت پرائیویٹ سیکٹر کی خدمات لے گی،نئے سیاحتی مقامات کو دریافت کر کے وہاں سہولیات فراہم کرنے کیلئے پلان تشکیل دیدیا گیا ہے، سرمایہ کار یہاں آئیں حکومت مکمل تحفظ دیگی۔ سیاحت کے فروغ سے ریاست کی آمدن میں اضافہ ہوگا اور بیروزگاری میں کمی آئے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close