فن لینڈ کی خاتون وزیراعظم کی ایسی ویڈیو لیک ہو گئی کہ ملک میں ہنگامہ کھڑا ہو گیا

ہیلسنکی (پی این آئی)فن لینڈ کی 36 سالہ وزیراعظم سنا مارین کی پارٹی کرتے ہوئے ایک ویڈیو لیک ہوگئی ہے جس پر انہیں کافی تنقید کا سامنا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں فن لینڈ کی وزیر اعظم سنا مارین کو اپنے دوستوں، جن میں ملک کی چند معروف شخصیات بھی شامل ہیں، کے ساتھ ڈانس کرتے اور گانا گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

 

 

اس ویڈیو پر سوشل میڈیا پر تو کافی بحث ہو ہی رہی ہے لیکن فن لینڈ کی اپوزیشن جماعت کے ایک رہنما نے وزیراعظم پر پارٹی کے دوران منشیات استعمال کرنے کا بھی الزام لگا دیا اور ان سے ڈرگ ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کیا۔اس معاملے پر 36 سالہ وزیراعظم سنا مارین کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوئی منشیات استعمال نہیں کی، صرف شراب پی اور بھرپور پارٹی کی تھی۔خیال رہے کہ جب سنا مارین فن لینڈ کی وزیراعظم بنیں تو انہیں دنیا کی کم عمر ترین سربراہ مملکت ہونے کا اعزاز حاصل ہوا تھا تاہم اب یہ اعزاز چلی کے صدر گیبریئل بورک کے پاس ہے۔سنا مارین نے کبھی بھی اپنی پارٹیوں کو خفیہ نہیں رکھا اور اکثر انہیں میوزک فیسٹیولز میں دیکھا جا چکا ہے۔گزشتہ برس بھی انہیں کووڈ پازیٹو شخص سے قریبی رابطے کے باوجود کلب جاکر پارٹی کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور بعد ازاں انہوں نے اس پر معذرت کی تھی۔اپنی حالیہ ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے فن لینڈ کی وزیراعظم سنا مارین نے کہا کہ ’مجھے معلوم تھا کہ ویڈیو بنائی جارہی ہے لیکن افسوس اس بات پر ہے کہ ویڈیو سرعام ریلیز کردی گئی۔

 

‘انہوں نے کہا کہ ’میں نے ڈانس کیا، گانا گایا، پارٹی کی، یہ سب قانونی چیزیں ہیں، میں کبھی ایسی جگہ نہیں گئی جہاں میں نے کسی کو منشیات استعمال کرتے ہوئے دیکھا ہو، میں اپنا ڈرگ ٹیسٹ کرانے کیلئے بھی تیار ہوں۔‘سنا مارین نے مزید کہا کہ ’میری بھی دیگر لوگوں کی طرح فیملی لائف ہے، ورک لائف کے علاوہ فارغ وقت میں دوستوں کے ساتھ وقت گزارتی ہوں، یہ وہ کام ہیں جو میری عمر کے دیگر لوگ کرتے ہیں۔‘فن لینڈ کی وزیراعظم نے اپنے رویے کو تبدیل کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بالکل ویسی ہی رہوں گی جیسی اب تک رہی ہوں، مجھے امید ہے کہ مجھے اسی طرح قبول کیا جائے گا۔‘اس معاملے پر فن لینڈ کی ایک اپوزیشن جماعت نے وزیراعظم اور میڈیا دونوں پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اہم سماجی مسائل کو چھوڑ کر پارٹی کے معاملے پر بات کر رہے ہیں۔سنا مارین نے دسمبر 2019 میں عہدہ سنبھالا تھا اور اب تک انہیں اپنی جماعت کا اعتماد حاصل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں