شاہ محمود قریشی نے تحریک انصاف چھوڑنے کی خبروں پرپھر ردِعمل دیدیا

لاہور(پی این آئی) تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی چھوڑ کراپنی پہلی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی میں واپس جانے کی افواہوں کی تردید کر دی ممتاز آباد میں ایک انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ”میں پی ٹی آئی فیملی کا حصہ ہوں اور عمران خان کا نائب کپتان ہوں۔“انہوں نے کہا کہ ”تحریک انصاف میں شمولیت سے قبل مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مجھے اپنی پارٹیوں میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔ “

 

 

ان کا کہنا تھا کہ ”عمران خان کہہ چکے ہیں کہ اگر میں 2018ءمیں صوبائی نشست پر الیکشن جیت جاتا تو وزیراعلیٰ پنجاب میں ہوتا۔“شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ”میں پی ٹی آئی کے تمام ورکرز کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ میں اور میرا خاندان تحریک انصاف کو نہیں چھوڑ رہے اور میں عمران خان کے نائب کپتان کی حیثیت سے آپ کے ساتھ رہوں گا۔ میں راجا ریاض کی طرف سے کیے گئے اس دعوے کو سختی سے مسترد کرتا ہوں جس میں انہوں نے کہا ہے کہ میں پیپلزپارٹی میں شامل ہو رہا ہوں۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close