حمزہ شہباز ہجوم کے ہاتھوں مارے جانے والے نوجوان اشرف کے گھر پہنچ گئے، سرکاری خزانے سے 25 لاکھ روپے کی امداد کا چیک دیا

لاہور(آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز گوجرانوالہ میں ہجوم کے تشدد سے جاں بحق ہونے والے نوجوان محمد اشرف کی رہائش گاہ پہنچ گئے اور متوفی محمد اشرف کی والدہ، بیوہ، بچوں اور بھائیوں سے ملاقات کی اور افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے متوفی محمد اشرف کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے غمزدہ خاندان کو دلاسہ دیا اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے متوفی محمد اشرف کے بچوں کے سر پر دست شفقت رکھا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ ملزمان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ہوگی اور اس کیس کو مثال بنائیں گے۔جن ظالموں نے یہ ظلم کیا ہے انہیں مثالی سزا دلائی جائے گی اور میں خود اس کیس پر پیشرفت کا روزانہ جائزہ لوں گا۔ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ ہجوم کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ سٹرکوں پر عدالت لگانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ہجوم کا قانون ہاتھ میں لینا انتہائی تشویشناک ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس واقعہ پر آپ سے شرمندہ ہوں،آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ انصاف ضرور ہو گا اور آپ کی دادرسی کریں گے۔متاثرہ خاندان کی ہرممکن دیکھ بھال کی جائے گی۔ اس واقعہ پر دل رنجیدہ ہے۔انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں۔ حکومت آپ کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے متوفی محمد اشرف کی بیوہ کو 25 لاکھ روپے کی مالی معاونت کا چیک بھی دیا۔ وزیراعلیٰ کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ 3 ملزمان گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کیس کا چالان جلد عدالت پیش کرنے کی ہدایت کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close