عمران خان کی لانگ مارچ کے لئے پیشگی درخواست، سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کو بڑا جھٹکا دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی)سپریم کورٹ نے عمران خان کی لانگ مارچ کے لئے پیشگی درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی ، اعتراض رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے عائد کیا گیا۔سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی لانگ مارچ سے متعلق پیشگی درخواست پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض عائد کیا کہ سپریم کورٹ اس معاملے پر پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے ، درخواست گزار نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا۔

 

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں پر امن احتجاج اور اجتماع کی اجازت کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی ۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کی جانب سے دائر کردہ آئینی درخواست میں وزارت داخلہ ، آئی جی اسلام آباد اور ہوم سیکرٹری کو فریق بنایا گیا تھا ۔ ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں پر امن احتجاج اور اجتماع کی اجازت کا حکم دے، احتجاج کے شرکاء کے راستے میں ملک بھر میں رکاوٹیں نہ کھڑی کی جائیں ۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ عدالت حکم دے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماوں کو گرفتار یا تشدد نہ کیا جائے ، نہ ہی پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارنے سمیت ہراساں کرنے کے دیگر اقدام کئے جائیں ۔ درخواست میں دھرنے میں شرکت کرنےوالوں کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔

 

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے 25 مئی کو اسلام آباد میں دھرنے کی کال دی گئی تھی جس کو روکنے کیلئے وفاق، پنجاب اور سندھ حکومت نے شہروں میں رکاوٹیں کھڑی کر دی تھیں ، پی ٹی آئی کے کارکنوں کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ بعد ازاں عمران خان نے اسلام آباد پہنچ کر دھرنا نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے ڈیڈ لائن دی تھی کہ اگر چھ روز میں انتخابات کا اعلان نہ کیا گیا تو وہ دوبارہ کارکنوں کے ہمراہ اسلام آباد آئیں گے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close