پنجاب پر ن لیگ کی گرفت مضبوط ہو گئی

لاہور (آئی این پی )میاں بلیغ الرحمان نے پنجاب کے 39ویں گورنر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیاجس کے بعد پنجاب پر ن لیگ کی گرفت مضبوط ہو گئی ہے ۔پیر کوپنجاب کے 39 ویں گورنر کی حیثیت سے میاں بلیغ الرحمان کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہائوس پنجاب میں ہوئی۔تقریب حلف برداری کے موقع پر مسلم لیگ (ن)اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ارکان صوبائی اسمبلی، رہنما اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر پیر کی دوپہر میاں بلیغ الرحمان کو گورنر مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کی ایڈوائس بھیجی تھی، جس پر صدر مملکت نے 2 مرتبہ اعتراض لگا کر واپس کردیا تھا۔رواں ماہ کے 8 تاریخ کو مسلم لیگ (ن) نے میاں بلیغ الرحمان کی بطور گورنر پنجاب تقرری کی سمری ایوان صدر کو بھجوائی تھی جبکہ 9 مئی کو وفاقی کابینہ ڈویژن نے عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا تھا۔عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی کے بعد آئینی طور پر اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی کو گورنر کی ذمہ داریاں سنبھالنی تھیں لیکن انہوں نے بھی یہ عہدہ سنبھالنے سے انکار کردیا تھا۔میاں محمد بلیغ الرحمان کا تعلق مسلم لیگ (ن)سے ہے، گورنر مقرر کئے جانے سے قبل وہ مسلم لیگ (ن)کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے عہدتے پر فائز تھے۔بلیغ الرحمان 2013 کے عام انتخابات میں بہاول پور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ وزیر مملکت برائے داخلہ کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close