شکر گڑھ، قتل ہونے والے 6 افراد کی شناخت سامنے آ گئی، علاقے میں سنسنی پھیل گئی

شکر گڑھ (پی این آئی) گزشتہ روز شکر گڑھ کے علاقے نور کوٹ ریلوے اسٹیشن پر قتل ہونے والے 6 افراد کی شناخت سامنے آ گئی ہے۔ جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ شکر گڑھ میں نورکوٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب قتل ہونے والے 6 افراد کا تعلق ڈکیت گینگ سے تھا۔ شکرگڑھ پولیس کے ڈی ایس پی ملک خلیل کے مطابق ڈاکوؤں نے ڈیڑھ ماہ قبل اسامہ نامی شہری کے گھر ڈکیتی کی تھی،

بدلہ لینے کے لئے اسامہ نے ڈکیت گینگ کے سرغنہ اشرف خان عرف ماما چنگڑ کے ساتھ پہلے تعلقات بنائے اور پھر گزشتہ شب اسٹیشن نورکوٹ کے قریب بلایا، نشہ آور مشروب پلا کر پہلے بے ہوش کیا اور پھر ساتھی کے ساتھ مل کر فائرنگ کر کے انہیں مار دیا۔ اس حوالے سے ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ مارے گئے ڈاکوؤں سے کلاشنکوف اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔ پولیس حکام نے کہا کہ ڈکیت گینگ، قتل، ڈکیتی اور زیادتی کے درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ڈی ایس پی نے میڈیا کو بتایا کہ ڈاکوؤں کو مارنے والے ملزم اسامہ اور اس کے ساتھی کی تلاش جاری ہے، جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ یہ بات اہم ہے کہ مقتولین نے ڈیڑھ ماہ پہلے اسامہ کے گھر 50 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی تھی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close