عازمیں حج کی کم از کم عمر سمیت ویکسی نیشن اور دیگر شرائط کا اعلان، پاکستان میں قرعہ اندازی کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

ریاض (آئی این پی )سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیاہے کہ رواں سال 65 برس سے زائد عمر کے افراد حج نہیں کرسکیں گے۔سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس سال کا حج 65 سال سے کم عمر عازمین کے لیے ہوگا، عازمین کو ویکسینیشن کی ساری خوراک مکمل کرانا لازمی ہے، باہر سے آئے عازمین کو روانگی سے 72 گھنٹے قبل ٹیسٹ رپورٹ دینا ہوگی۔

سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ عازمین کو مناسک حج ادا کرتے وقت تمام احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا ہوگا۔اعلامیے کے مطابق اس سال دنیابھر سے عازمین حج کی تعداد 10 لاکھ تک ہوگی، یہ تعداد اسلامی ممالک کو دیے گئے کوٹے کے مطابق ہے۔دوسری جانب پاکستان میں حج درخواستوں کی وصولی پیر سے متعلقہ بینکوں میں شروع ہوگئی ہے، حج درخواستیں 13مئی تک نامزد14 بینکوں میں جمع کرائی جاسکیں گی اور 15 مئی کو حج درخواستوں پر قرعہ اندازی ہوگی۔ درخواست کیساتھ 50 ہزار روپے ٹوکن جمع کرانا ہوگا، پاسپورٹ، 3 تصاویر، ویکسین سرٹیفیکٹ اور میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی لازمی ہوگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close