عدم اعتماد کی تحریک، قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج ہر صورت ووٹنگ ہو گی، اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) اپوزیشن جماعتوں کی طرف پیش کی جانے والی وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد پر ووٹنگ کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس کچھ دیر میں ہو گا۔ متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کی زیرِ صدارت آج صبح ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرار داد سے نمٹنے کے لیے حکومت نے بھی حکمتِ عملی تیار کر لی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پارلیمنٹ پہنچ گئے ہیں

۔ بلاول بھٹو زرداری اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملنے ان کے چیمبر میں پہنچ گئے۔
پی ٹی آئی کے منحرف ارکانِ اسمبلی بھی پارلیمنٹ پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کا طریقہ کار سامنے آگیا ہے جس کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد پڑھ کر سنائیں گے

۔ قرار داد کے بعد ارکان کی آمد کے لیے 5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی جائیں گی۔ تمام ارکان کی آمد کے بعد لابیز اور داخلی دروازوں کو بند کر دیا جائے گا۔ اسپیکر قرار داد کے حق میں ووٹ ڈالنے والے ارکان کو ٹیلر کے پاس ووٹ اندراج کرنے کا کہیں گے۔ ارکان باری باری آ کر ٹیلر کے پاس اپنا نام لکھوائیں گے۔ نام کے اندراج کے بعد ارکان لابی میں چلے جائیں گے اور انتظار کریں گے۔ تمام ارکان کے ووٹ دینے کے بعد اسپیکر ووٹنگ ختم ہونے کا اعلان کریں گے۔

سیکریٹری ڈویژن لسٹ حاصل کریں گے، گنتی کر کے اسپیکر کو دیں گے۔ دوبارہ گھنٹیاں بجائی جائیں گی اور ارکان واپس ایوان میں آ جائیں گے۔ اسپیکر تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد پر ووٹنگ کے نتیجے کا اعلان کریں گے۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہر صورت آج ہو گی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close