اب کل یوم تحفظ آئین پاکستان نہیں بلکہ یوم تشکر منا یا جائے گا، عدالتی فیصلے کے بعد مولانا فضل الرحمان کا بڑا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی )پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اب عدالتی فیصلے کے بعد کل یوم تحفظ آئین پاکستان نہیں بلکہ یوم تشکر منا یا جائے گا ۔ڈپٹی سپیکر رولنگ کیس کے فیصلے کے بعد مولانا فضل الرحمان نے میڈ یا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ نے قوم کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے اطمینان بخش فیصلہ دیا ۔

 

ان کا کہنا تھا کہ اب کل احتجاج نہیں بلکہ یوم تشکر منا یا جائے گا ، قوم جمعے کی نماز پڑھ کر پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا ئیں کریں ۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی بحال کردی ہے ۔ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے پانچ صفر سے متفقہ فیصلہ سنایا۔سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ غیر آئینی قرار دے دی۔ سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کی اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم صدر کو ایڈوائس نہیں کرسکتے تھے، اب تک کے اقدامات غیر آئینی اور غیر قانونی تھے۔ عدالت نے صدر کے عبوری حکومت کے حکم کو بھی کالعدم قرار دے دیا ہے۔

 

سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی بحال کرتے ہوئے 9 اپریل کو ہفتے کی صبح 10 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ سپیکر اجلاس بلا کر تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائیں گے، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں نئے وزیر اعظم کا انتخاب ہوگا۔عدالت نے یہ بھی قرار دیا ہے کہ کسی بھی رکن قومی اسمبلی کو ووٹ کاسٹ کرنے سے نہیں روکا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close