نئی مثال قائم کر دی گئی، محکمہ جنگلات کے شہداء کے لواحقین اور زخمی کیلئے خصوصی پیکج کی منظوری

پشاور(آئی این پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پولیس شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو ملنے والے مالی معاوضوں کے طرز پر محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کے دوران ڈیوٹی شہید اور زخمی ہونے والے ملازمین کے لئے بھی خصوصی پیکج کی منظوری دیدی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کی طرف سے ارسال کردہ سمری پر دستخط کئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دوران ڈیوٹی کے دوران شہادت کی صورت میں محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کے گریڈ3 تا 16 کے ملازمین کے لواحقین کو 33 لاکھ روپے، گریڈ 17 کے ملازمین کو 55 لاکھ روپے، گریڈ 18 اور 19 کے ملازمین کو 99 لاکھ روپے جبکہ گریڈ 20 کے ملازمین کے ورثاء کو ایک کروڑ دس لاکھ روپے معاوضے ادا کئے جائیں گے۔ اسی طرح دوران ڈیوٹی کسی حادثے کے نتیجے میں مستقل معذوری کی صورت میں تمام ملازمین کو یکساں طورپر پانچ لاکھ جبکہ شدید زخمی ہونے کی صورت میں تمام ملازمین کو یکساں طورپر ایک لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہادت کی صورت میں گریڈ 3 تا 8 کے ملازمین کے لواحقین کو پلاٹ کی جگہ گیارہ لاکھ روپے نقد، گریڈ 9 تا 16 کے ملازمین کے لواحقین کو 22لاکھ روپے نقد جبکہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کے لواحقین کو 55لاکھ روپے نقد بھی دئیے جائیں گے۔

واضح رہے اس سے قبل محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کے ملازمین کو دوران ڈیوٹی شہید ہونے کی صورت میں کوئی معاوضہ نہیں ملتا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close