پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے درمیان دراڑیں واضح ہونا شروع ہو گئی ہیں، فیاض الحسن چوہان کا دعویٰ

لاہور (آئی این پی ) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران کی قیادت میں حکومت اتحادیوں کے ساتھ مضبوط کھڑی ہے۔ صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے مابین پھوٹ کی دراڑیں مزید واضح ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری کی مالاکنڈ جلسے میں تقریر اس پھوٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے، بلاول نے شہباز شریف کو گیٹ نمبر چار سے نہ جانے اور کالا کوٹ نہ پہننے کا طعنہ دے ڈالا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف عدم اعتماد سے بے نیاز کسی اور چکر میں مصروف دکھائی دیتے ہیں،

شہباز شریف اور نواز شریف کی واپسی، کرپشن کیسز کے خاتمے اور گرفتاری سے بچنے کی ڈیل کے چکروں میں ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ اس ڈیل کی بھنک پڑتے ہی بلاول زرداری نے شہباز شریف کی گوشمالی میں ایک لمحہ ضائع نہ کیا، عوامی سپورٹ کی غیر موجودگی میں عدم اعتماد کی ہنڈیا چولہے چڑھتی نظر نہیں آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران کی قیادت میں حکومت اتحادیوں کے ساتھ مضبوط کھڑی ہے،

نہ صرف پاکستانی، بلکہ مسلم دنیا کے تمام لیڈران بھی عمران خان کے پیچھے کھڑے ہیں۔ صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہیں جو امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے کوشش کر رہے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close