پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کا 35 اراکین کی حمایت کا دعویٰ، لیکن ایک اور مختلف مؤقف بھی سامنے آ گیا

پشاور(آئی این پی)خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و انسانی حقوق شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کا 35 اراکین کی حمایت کا دعوی بے بنیاد ہے۔تمام اراکین صوبائی اسمبلی کا وزیر اعلی محمود خان کے اوپر مکمل اعتماد ہے۔خیبر پختونخوا میں عدم اعتماد کی کوئی جرات نہیں کر سکتا۔قومی اسمبلی میں عدم اعتماد ایک بیرونی سازش کے تحت ہورہی ہے جو کہ بہت جلد ناکامی سے دوچار ہوگی۔

خیبر پختونخوا تحریک انصاف کا گڑھ ہے اس کو کوئی نہیں توڑ سکتا۔27 مارچ کو اسلام آباد میں بھر پور پاور شو ہوگا۔یہ اعصابی جنگ ہے اور عمران خان کیساتھ اعصابی جنگ کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔ عمران خان کو absolutely not کی سزا دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلی ہاؤس میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا صوبائی اسمبلی میں پانچ اراکین ہیں جس کے ذریعے عدم اعتماد لانا سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی OIC کانفرنس کے بارے میں گفتگو غیر سنجیدہ اور مایوس کن ہے۔

بلاول بھٹو سندھ اور کراچی کی حالت پر توجہ دے جسکی انتہائی بری حالت ہے۔انکا کہنا تھا کہ سندھ ہاوس میں پیسوں سے ضمیر خریدے جارہے ہیں جبکہ ہم کبھی بھی ضمیر فروشی کے دھندے میں ملوث نہیں رہینگے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں