شہباز شریف اگلے وزیراعظم، عمران خان 2یا 3اپریل تک گھر چلے جائیں گے، دعویٰ کر دیا گیا

لاہور(پی این آئی ) ن لیگ کے مرکزی رہنما و سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف وزیر اعظم بننے جارہے ہیں۔ ایک بیان میں نوازشریف کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد نوازشریف وطن آئیں گے اور اپنے خلاف عدالتی فیصلوں کا سامنا کریں گے۔

 

محمد زبیر نے کہا کہ شہباز شریف وزیر اعظم بننے جارہے ہیں عمران خان اقلیتی حکومت چلارہے ہیں ان کے پاس اکثریت نہیں اخلاقی طورپرعمران خان چلے جائیں۔محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان دو یا تین اپریل تک گھر چلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قومی اسمبلی میں اکثریت کھو چکے ہیں اور انہیں 179 ممبران کی حمایت حاصل نہیں ہے۔رہنما ن لیگ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کے ذریعے وزیراعظم عمران خان کو قومی اسمبلی میں حاصل اراکین کی تعداد ظاہر کر دی۔سابق گورنر سندھ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ عمران خان کو اب 179 ارکان کی حمایت حاصل نہیں ہے، عمران خان کے اتحادی جن کے پاس 17 نشستیں ہیں یعنی پاکستان مسلم لیگ ق، بلوچستان عوامی پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان نے اب تک فیصلہ نہیں کیا، مطلب یہ تینوں جماعتیں عمران خان کے ساتھ نہیں ہیں۔

 

پاکستان تحریک انصاف کے تقریباً 20 ممبران واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ وہ عمران خان کے خلاف ہیں یعنی 179 میں سے 37 ارکان کو نکال دیں تو عمران خان کو 142 ممبران کی حمایت حاصل ہے جس کا مطلب ہے کہ اب عمران خان کو اکثریت میں سے 30 ممبران کی کمی کا سامنا ہے۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں سابق وزیراعظم نوازشریف ملک واپس آ جائیں گے۔نوازشریف نے تیاری شروع کر دی ہے کہ عدم اعتماد کامیاب ہونے کی پر نوازشریف اپریل کے آخر پر سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ مدینہ منورہ میں گزاریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close