غیر جمہوری رویہ اپنانے کی صورت میں اسپیکر اسد قیصر کو سنگین دہمکی دے دی گئی

کوئٹہ (آئی این پی) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ اگر سپیکر قومی اسمبلی نے غیر جمہوری رویہ اپنایا تو جمعیت علما اسلام اور اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ اجلاس کے دوران شدید احتجاج کریں گی، تحریک انصاف کے اراکین عمران نیازی کی غلط فیصلوں کی وجہ سے چلے گئے ہیں کیونکہ جن اراکین کے ساتھ سلیکٹڈ حکمرانوں نے غلط رویہ اپنایا تو اب وہ ان کے ناروا رویہ کی وجہ سے اپوزیشن کے ساتھ ملکر موجودہ حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے تیار ہے، عمران نیازی کا وقت گزرچکا ہے اب ان کو چاہئے کہ وہ مستعفی ہو کر اقتدار منتخب نمائندوں کے حوالے کریں، جمعیت علما اسلام کے کارکن لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کرنے کیلئے تیاریاں تیز کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی کے اب پانچ دن رہ گئے ہیں اب ملک اور عوام اس مثبت سے چھٹکارا پانے کے لئے اب نوافل ادا کریں کہ اپوزیشن نے ان کے خلاف بھرپور تحریک چلائی اب اتحادیوں کے ساتھ ساتھ ان کے اراکین بھی ان سے راستے جدا کرلیے کیونکہ ان کے دور حکومت میں ملک بحرانوں سے دوچار ہوا اور ملک کی معاشی حالت بالکل تباہ ہو گیا۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام اور متحدہ اپوزیشن اس وقت تک جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک موجودہ حکومت کا خاتمہ نہیں کیا جاتا نااہل وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد چیئرمین سینیٹ اور دیگر صوبوں کے وزرائے اعلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پاس کریں گے انہوں نے جمعیت علما اسلام کے تمام کارکنوں اور عہدیداروں کی ہدایت کی گئی کہ وہ 23مارچ کے لانگ مارچ کیلئے تیاریاں تیز کریں اور جب تک حکومت کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک اسلام آباد میں بیٹھیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں