قومی اسمبلی کا اجلاس 21مارچ کی بجائے کب بلایا جائے؟ اپوزیشن کی دھمکیوں کے بعد حکومت نے نئی حکمت عملی تیار کر لی

اسلام آباد (پی این آئی) اپوزیشن کی دھمکی آمیز نیوز کانفرنس کے بعد حکومت نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر نئی حکمت عملی تیار کرلی، اب قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کی بجائے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس کے بعد ہوگا۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے بعد وفاقی وزرا اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان رابطہ ہوا جس میں وزیراعظم کےخلاف تحریک عدم اعتمادکے معاملے پر مشاورت کی گئی۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے حکومت نےنئی حکمت عملی مرتب کر لی، اب قومی اسمبلی کااجلاس 21 کےبجائے 25 مارچ کوبلانےکاامکان ہے۔ تحریک عدم اعتماد کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس اوآئی سی اجلاس کےبعدہوگا، اوآئی سی اجلاس کےباعث اسمبلی سیکرٹریٹ کاچارج وزارت خارجہ کے پاس ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ریکوزیشن جمع ہونے کے بعد 14 روز میں اجلاس طلب کرنا لازمی ہے ، اجلاس ہونا لازم نہیں ہے۔خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دھمکی دی تھی کہ اگر 21 مارچ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پیش نہ کی گئی تو او آئی سی کا اجلاس نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اسی پریس کانفرنس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا تھا کہ اگر تحریک عدم اعتماد پیش نہ کی گئی تو قومی اسمبلی کے ہال میں دھرنا دے دیا جائے گا۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں