نئے آرمی چیف کی تعیناتی یا توسیع سے متعلق مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی یا توسیع کا فیصلہ ملک وقوم کے مفاد میں کریں گے،میرے ہر آرمی چیف کے ساتھ اچھے تعلقات رہے ہیں، اسلام آباد اور پنڈی کے درمیان ہمیشہ پُل کا کردار ادا کیا، یہ تعلقات ہمیشہ ملک وقوم کے مفاد میں رہے ہیں۔

انہوں نے اینکر ندیم ملک کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کا پاکستان کیلئے جو خواب تھا جس کیلئے ہزاروں لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں، وہ ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوا۔وہ خواب تھا کہ پاکستان معرض وجود میں آئے گا اور دنیا میں ایک مقام حاصل کرے گا، ہر سیکٹر میں آگے بڑھے گا۔ حکومت کی کرپشن اور نااہلی نے پاکستان معیشت کو تباہ کردیا ہے، عمران خان کی ناک نیچے کرپشن ہورہی ہے لیکن وہ خود کو ایماندار کیسے کہہ سکتا ہے؟انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ الیکشن کے بعد ہمیں تین چار چیزوں پر اکٹھے ہوجانا چاہیے جیسا کہ غربت کے خاتمے، معیشت اور خارجہ پالیسی کیلئے ایک ٹرم کیلئے قومی حکومت بنائی جانی چاہیے۔انہوں نے آر می چیف کی مدت میں توسیع یا نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے سوال پر جواب دیا کہ یہ ابھی قبل ازوقت سوال ہے، اگر اللہ ایسی کوئی صورت بناتا ہے اور اللہ موقع دیتا ہے تو اس کا ایک عمل موجود ہے۔

 

آئین اور قانون کے تحت ملک کے بہتر مفاد میں فیصلہ کریں گے۔نئے آرمی چیف کی تعیناتی یا توسیع کے بارے فیصلہ ملک وقوم کے مفاد میں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ہر آرمی چیف کے ساتھ اچھے تعلقات رہے ہیں، اسلام آباد اور پنڈی کے درمیان ہمیشہ پُل کا کردار ادا کیا، یہ تعلقات صرف نواز شریف اور میرے فائدے کیلئے نہیں بلکہ ملک وقوم کے مفاد میں رہے ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت نے احتساب کے نام پر انتقام لیا،جھوٹے کیسز بنائے گئے، نیب نیازی گٹھ جوڑ کو توڑ دیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے پرامید ہیں،فون کال کے آنے سے متعلق حقائق تو یہی رہے ہیں،امید ہے کہ اگر ہم اتحاد کے ساتھ چلتے رہے تو پاکستان کے مفاد میں ہوگا۔مجھے اپنی پارٹی یا اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کی طرف سے ابھی تک کوئی ایسی اطلاع نہیں کہ کسی کو فون کال آئی ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close