الیکشن میں ایک سال رہ گیا، شیخ رشید نے صلح صفائی کی طرف جانے کا مشورہ دیدیا

کوئٹہ (پی این آئی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر کہا ہے میرا خیال ہے کہ ہمیں صلح صفائی کی طرف جانا چاہیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ الیکشن میں ایک سال رہ گیا ہے، بہتر یہ ہے کہ الیکشن کی تیاری کریں۔ اپوزیشن تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرے، یہ نہ ہو آپ 10 سال لائن میں لگے رہیں۔تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا میرا خیال ہے ہمیں صلح صفائی کی طرف جانا چاہیے، ہمیں مل بیٹھ کر مذاکرات سیکوئی حل نکالنا چاہیے۔انہوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کو ناکامی ہو گی

اور عمران خان 5 سال پورے کرے گا۔عمران خان کے اپوزیشن پر سخت حملوں سے متعلق سوال کے جواب میں وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مولانا غفور حیدری نے بھی مجھ سے یہی گلہ کیا ہے، میرا خیال ہے ہمیں صلح صفائی اور ٹھنڈے پروگرام کی طرف جانا چاہیے، کیونکہ انہوں نے تحریک عدم اعتماد میں ہارنا ہے اور اس کے بعد بھی ہمیں تنگ کرنا ہے، تو بہتر ہے کہ ان کے ساتھ ہم ابھی سے ٹھنڈے ہوجائیں اور انہیں ذہنی طور پر تیار کردیں کہ آپ ہارنے جارہے ہیں۔ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ لڑنا مشکل نہیں لیکن پھر بعد میں صلح کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں