تحریک عدم اعتماد، ایم کیو ایم اپوزیشن کا ساتھ دینے کیلئے تیار لیکن کیا مطالبات رکھ دیئے؟ سیاسی حلقوں میں ہلچل

اسلام آباد(پی این آئی)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ساتھ دینے کیلئے متحدہ اپوزیشن کے سامنے مطالبات رکھ دیے۔ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ نے شہری سندھ سے متعلق اہم مطالبات کیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ شہری سندھ کیلئے نوکریوں میں 40فیصد کوٹہ، بااختیار بلدیاتی نظام اور صوبائی مالیاتی کمیشن بنایا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کا مؤقف ہے کہ معاہدہ تحریری ہو، مطالبات پر متحدہ اپوزیشن ضامن بنے۔ذرائع کے مطابق متحدہ نے شرط عائد کی ہے کہ مولانا فضل الرحمان، چوہدری برادران اور شہباز شریف معاہدے کے ضامن بنیں۔دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال بعد اب حکومت پر بھروسہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ ن اور مولانا فضل الرحمان ضمانت دیں تو آصف زرداری کے وعدے پر اعتبار کرکے اپوزیشن کے ساتھ جاسکتے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close