فاسٹ یونیورسٹی کے طلبہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی رضا کار فورس میں شامل ہوگئے

پشاور(آ ئی این پی) فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کے طلباء و طالبات سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ٹریفک رضا کار فورس میں شامل ہو گئے۔اس سلسلے میں گزشتہ روز فاسٹ نیشنل یونیورسٹی پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت‘ ڈائریکٹر ڈاکٹر عمر عثمان‘ ڈی ایس پی انیلہ ناز‘ ڈی ایس پی شازیہ شاہد اور دیگر ٹریفک حکام بھی موجود تھے۔

چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کی فورس میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے فورس مزید مضبوط ہو گی اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی جا سکے گی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے تقریب کے دوران ٹریفک رضا کار فورس میں شامل ہونے والے طلباء و طالبات میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے شرٹس بھی تقسیم کئے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق شہریوں میں آگاہی پیدا کرنا ناگزیر ہے کیونکہ زیادہ تر لوگ ٹریفک قوانین سے نا خبر ہیں جن کو آگاہی دے کر ہی ٹریفک مسائل اور ٹریفک حادثات کو روکا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے طلباء و طالبات پر مشتمل رضا کار فورس کی تشکیل کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رضا کار فورس کے ممبران شہریوں کو شہر بھر میں لین لائن ڈسپلن ‘ زیبرا کراسنگ ‘ سیٹ بیلٹ ‘ ہیلمٹ اور ون ویلنگ سمیت دیگر ٹریفک قوانین بارے آگاہی دینگے۔

انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہر بھر میں شہریوں کو ٹریفک کی روانی سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کے طلباء و طالبات فورس میں شامل ہونے کے بعد یہ سلسلہ مزید تیز ہو جائیگا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے سمیت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ رضا کار فورس کے ممبران شہر کے بازاروں میں تاجروں کو تجاوزات کے خاتمے کے بارے میں بھی آگاہی دینگے تاکہ شہر میں کسی قسم کی ٹریفک جامنگ کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔ بعد ازاں نیشنل یونیورسٹی کے حکام اور ٹریفک پولیس حکام میں شیلڈز تقسیم کئے گئے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں