سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست کیلئے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا، وزیر اعلیٰ سندھ کا دعویٰ

کراچی(آئی این پی)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے کہے بغیر تحریک انصاف کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست کیلئے ہمیں ووٹ دے دیا ہے۔کراچی میں وزیر اعظم کے خطاب پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ میں کچھ دنوں پہلے آیا تھا، اگر میں بچ گیا تو کیا کچھ کر دوں گا، میں کہتا ہوں کھلی اجازت ہے، دو سے چار دن ہیں جو کرنا ہے کر لو بعد میں موقع نہیں ملے گا۔

سینیٹ نشست کی ووٹنگ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا میرا کسی ایم پی اے سے رابطہ نہیں تھا، حلف لینے کو تیار ہوں کہ کسی سے فون پر رابطہ نہیں ہوا، واٹس ایپ پر بھی کسی سے رابطہ نہیں ہوا۔انھوں نے کہا وزیر اعظم کی مایوسی آج جھلک رہی تھی، عجیب و غریب زبان استعمال کر رہے تھے، میں یہی کہہ سکتا ہوں مایوس نہ ہوں عوام سے معافی مانگیں۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم نے آج تقریر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کرنے کے حوالے سے کہا کہ میں نے عوام کیلئے پیٹرول اور فضل الرحمان کو کم کر دیا ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا آپ نے آصف زرداری، فریال تالپور، سراج درانی، اور خورشید شاہ کو جیل میں ڈلوایا، آپ نے جو کچھ کرنا تھا وہ کر چکے، اب ہمارا عوام کی خدمت کا وقت آیا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا ہمارے کہے بغیر آج پی ٹی آئی کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست پر ووٹ دیا ہے، ہم تو آپ کو چھوڑ دیں گے لیکن اب جو کرنا ہے عوام آپ کے ساتھ کرے گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا آئین نے فلور کراس کی اجازت دی ہے، الیکشن کمیشن کا ووٹ ہوتا تو وہ بھی عدم اعتماد میں ساتھ دیتے، کچھ دنوں سے یہ کارروائی چل رہی تھی، ہم سے زیادہ ان کے اپنے لوگ فلور کراس کر رہے ہیں، انھیں پتا ہے کہ ڈس کوالیفائی ہو جائییں گے پھر بھی رسک لیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں