یوم ثقافت پنجاب 14 مارچ کو منایا جائے گا پروفیسر انور مسعود کی صدارت میں مزاحیہ مشاعرہ، فوک میوزک نائیٹ ہو گی

راولپنڈی(آئی این پی)پنجاب آرٹس کونسل کے زیراہتمام یوم ثقافت پنجاب 14 مارچ کومنایا جائے گا۔یوم ثقافت کی تقریبات صبح 10 بجے شروع ہوں گی اور پورے دن جاری رہیں گی۔تقریبات میں دستکاروں کے سٹال، میوزیکل پرفارمنس، پنجاب کی ثقافت کے عنوان سے پوسٹرسازی کے مقابلے صبح 10 بجے، مصوری کی نمائش دن ایک بجے، بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعرپروفیسرانورمسعودکی صدارت میں مزاحیہ محفل مشاعرہ 3 بجے جبکہ شام 7 بجے فوک میوزک نائٹ منعقدہوگی جس میں افشاں زیبی اوردیگرفنکاراپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

اس سلسلے میں صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو کی زیر صدارت پنجاب کلچر ڈے کی تقریبا ت کے حوالے سے لاہور میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 14مارچ کو صوبائی، ڈویژون، ضلع اور تحصیل کی سطح پر ہونی والی تقریبا ت کا جائزہ لیا گیا۔اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ثقافت کو دنیا بھر میں روشناس کرائیں گے۔ پانچ پانیوں کی سرزمین میں کئی ثقافتوں کے رنگ نمایاں ہیں۔ جن میں پنجابی، پوٹھوہاری، سرائیکی اور بلوچی ثقافت اہم ہیں۔اجلاس میں سیکریٹر ی انفارمیشن اینڈ کلچر راجہ جہانگیر انور، تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنر، ڈائریکٹر جنرل پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے اور دیگر محکموں سے افسران شریک ہوئے۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے نے اجلاس کے شرکا ء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب آرٹس کونسل پورے صوبے میں کلچر ڈے کو شایان شان طریقے سے منا ئے گی جس کے لیے ثقافتی میلوں،لوک رقص،کھانوں کے اسٹالز،پنجابی مزاحیہ محفل مشاعرے اور فوک نائٹس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں