وزیراعظم آزاد کشمیر کی صدارت میں اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس، الگ دفتر کا قیام اور کونسل کی اسامیوں کی اپ گریڈیشن کی منظوری

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی صدارت میں اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس،اسلامی نظریاتی کونسل کے لیے الگ دفتر کے قیام اور اسلامی نظریاتی کونسل کی اسامیوں کی اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی گئی۔۔ اجلاس میں معاون خصوصی مذہبی امور و اوقاف حافظ حامد رضا،سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر کو اسلامی نظریاتی کونسل کے ڈھانچے اور کام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی

اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبران کی تقرری سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی اور اسلامی نظریاتی کونسل کے دفاتر کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اسلامی نظریاتی کونسل کو دفتری مکانیت کی فراہمی کے لیے حکومت آزادکشمیر فوری بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ادارہ کی اسامیوں کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزادکشمیر کے اندر مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے دائرہ کار کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا اور اسلامی نظریاتی کونسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ یہ اہم ریاستی ادارہ اپنے قیام کے اغراض و مقاصد کو احسن طریقے سے انجام دے سکے۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ حکومت جلد ہی کونسل ممبران کا تقرر کرے گی تاکہ ادارہ فعال ہو سکے کونسل کو موثر بنانے کے لیے حکومت آزادکشمیر بھرپور تعاون کرے گی انہوں نے کہا کہ آزاد خطہ کے اندر مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے وفاقی اداروں سے تعاون کے حصول اور فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

آزادکشمیر کے اندر گروہی و فروعی ہم آہنگی کے فروغ کی کوششوں میں مزید بہتری لائی جائے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل اسلامی شعار کے مطابق قانون سازی کے لیے اپنا موثر اور جاندار کردار ادا کرے، اسلامی نظریاتی کونسل مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے ساتھ ساتھ مسودہ قانون کو اسلامی قوانین سے ہم آہنگ بنانے کی ذمہ دار ہے، کونسل نے آزاد خطہ کے اندر اسلامی قوانین کی تیاری اور نفاذ میں ہمیشہ جاندار کردار ادا کیا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر نے مذہبی منافرت کے انسداد کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کے کردار کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں