رمضان المبارک سے پہلے رمضان سستا بازار لگانے کا فیصلہ

پشاور(آئی این پی)ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے کہا کہ رمضان المبارک سے پہلے پشاور بھر میں رمضان سستا بازار لگائے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی زیر صدارت رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق سمیت انتظامی افسران،صدر آل پاکستان پھل و سبزی مارکیٹ ملک سوہنی، محکمہ خوراک،محکمہ زراعت، ٹاؤن انتظامیہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں رمضان المبارک میں عوام کو اشیاء خوردونوش، سبزی اورپھلوں کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیل سے بات چیک کی گئی جس کے بعد فیصلے کیے گئے کہ سبزی و پھل منڈیوں میں صرف لائسنس یافتہ آڑھتیوں کو بولی لگانے و کاربار کرنے کی اجازت ہو گی اور بغیر لائسنس کاروبار کرنے والے آڑھتیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں بولی کے عمل کے بعد سرکاری نرخ نامہ جاری کیا جائے گا اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

منڈی میں مصنوعی بولی لگانے والوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔صبح بولی کے وقت سبزی و پھل کی تمام گاڑیوں و ٹرک منڈی کے اندر بولی کے عمل میں شریک ہونگے اگر سبزی و پھل کی کوئی گاڑی و ٹرک منڈی کے باہر پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ رمضان المبارک سے پہلے پشاور بھر میں رمضان سستا بازار لگائے جائیں گے تاکہ عوام کو سستی اور معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کے مطابق رمضان المبارک میں عوام کو سستی و معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو سستی و معیاری اشیاء کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں