اپوزیشن کواب اپنے ہی خلاف عدم اعتماد کر دینا چاہیے، سابق وفاقی وزیر نے مشورہ دے دیا

لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی کوئی بھی خواہش پوری نہیں ہو رہی بلکہ ان کے سینے پر صرف خواہشات کا بوجھ بڑھ رہا ہے،اپوزیشن کسی نہ کسی شکل میں حکومت کے خلاف مسلسل تحریک چلا رہی ہے لیکن عمران خان کے عزم میں کوئی لغزش آئی ہے اور نہ ہی انہوں نے اپوزیشن کی شرائط پر ان سے ہاتھ ملانے کا کوئی اشارہ دیا ہے،اپوزیشن جتنی ناکامیاں سمیٹ چکی ہے اب اسے اپنے ہی خلاف عدم اعتماد کر دینا چاہیے۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں صر ف خیالی پلاؤ پکانے کے ساتھ ہوا میں تیر چلائے جارہے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں اتحاد کے باوجود تحریک عدم اعتماد کیلئے حکومتی اراکین اوراتحادیوں سے آس لگائے بیٹھی ہیں لیکن انہیں سوائے ناکامی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام کا سوال ہے کہ کئی دہائیوں تک حکومتیں کرنے والے معیشت کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کر سکے توانہیں اب دوبارہ کیوں موقع دیا جائے۔

تحریک انصاف کی حکومت نے پانچ سال میں اصلاحات کے ذریعے معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم کی ہیں، فرسودہ نظام کو تبدیل کرنے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے اور انشا اللہ آنے والے وقتوں میں پاکستان ایک مثالی ملک بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کے لئے آمدن کے لئے روایتی شعبوں سے ہٹ کر نئے شعبے تلاش کر رہی ہے، آئی ٹی انڈسٹری عروج حاصل کر رہی ہے جس سے نہ صرف نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ ملک کی دولت میں بھی اضافہ ہوگا۔ زراعت کو جد ید بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے، برآمدات بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جس کے قوم کو ثمرات ملنا بھی شروع ہو گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں