سوشل میڈیا پر دہشت پھیلانے اور اسلحہ کی نمائش کرنے والے پانچ ملزمان گرفتار کر لئے گئے

پشاور(آئی این پی)تھانہ شاہ پور پولیس اور تھانہ متھرا پولیس نے سوشل میڈیا پر دہشت پھیلانے اور اسلحہ کی نمائش کرنے والے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار دونوں ملزمان کا تعلق شہر کے نواحی علاقوں سے ہے، ملزمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اسلحہ سمیت تصاویر اپلوڈ کی تھیں جو پشاور پولیس کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے نشاندہی پر ایس ایچ او تھانہ شاہ پور اور ایس ایچ او تھانہ متھرا نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے،

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضہ سے دو عدد کلاشنکوف اور چار عدد پستول سمیت متعدد کارتوس بھی برآمد کر لئے گئے ہیں جن کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس کی جانب سے عوامی مقامات اور سماجی تقریبات کے موقع پر اسلحہ نمائش میں ملوث عناصر کے خلاف خصوصی مہم شروع کی گئی ہے جس کے دوران سوشل میڈیا پراسلحہ سمیت تصاویر اپلوڈ کرنے والے افراد کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے،

پشاور پولیس کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے اسلحہ نمائش میں ملوث ملزمان کی نشاندہی پر ایس ایچ او تھانہ شاہ پور شکیل خان نے فوری کاروائی کرتے ہوئے دو ملزمان اسامہ ولد خان محمد اور عامر علی شاہ ولد زر ولی شاہ جبکہ ایس ایچ او تھانہ متھرا جاوید خان نے تین ملزمان اختر علی شاہ ولد مہربان شاہ،وقاص ولد امداد اور جاوید ولد فضل کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے مجوعی طور پر دو عدد کلاشنکوف اور چارعدد پستول برآمد کر لیے گئے ہیں، گرفتار تمام ملزمان پشاور کے نواحی علاقوں کے رہائشی ہیں جن کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔اسلحہ نمائش اور ہوائی فائرنگ کے تدارک کے لئے رورل ڈویژن پولیس کی جانب سے تھانہ عمارتوں پر خصوصی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو ہوائی فائرنگ سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا جا سکے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close