موٹر سائیکل چور گروہ متحرک،9 شہری اپنی سواری سے محروم

ڈیر ہ اسماعیل خان(آئی این پی) تھانہ کینٹ، تھانہ سٹی اور تھانہ کھوئی بہارہ کی حدود میں موٹر سائیکل چور گروہ متحرک،مختلف وارداتوں میں مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر سمیت9 شہریوں کے موٹر سائیکل چوری کرلئے گئے، متاثرہ شہریوں کی شکایات پر الگ الگ مقدمات درج۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ میں مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر چوہدری اصغرعلی سمیت خیر آباد کالونی کے رہائشی ادریس خٹک،فضل الرحیم کالونی کے رہائشی سعید مروت نے الگ الگ شکایات درج کرائی ہیں کہ ضلع کچہری اور ان کے گھروں کے باہر کھڑے ان کے موٹر سائیکل نامعلوم ملزمان چوری کرکے لے گئے ہیں۔

اسی طرح تھانہ سٹی کی حدود محلہ وکیلانوالہ، ہسپتال روڈ، حیدری چوک، محلہ نواز علی، میدان حافظ جمال سے نامعلوم چور 5شہریوں کے موٹر سائیکل چوری کرکے رفو چکر ہوگئے جبکہ تھانہ کھوئی بہارہ پولیس کی حدودکڑی شموزئی سے بھی شہری کا موٹر سائیکل نامعلوم چور لے اڑے۔ تھانہ کینٹ، تھانہ سٹی اور تھانہ کھوئی بہارہ پولیس نے متاثرہ شہریوں کی شکایات پرموٹر سائیکل چوری کے الگ الگ مقدمات درج کرکے ان واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close