سوشل میڈیا پر اسلحہ نمائش میں ملوث 3 ملزمان دھر لیے گئے

پشاور)آئی این پی) سوشل میڈیا پر اسلحہ نمائش میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے، پشاور پولیس کی جانب سے گزشتہ روز سماجی رابطہ کی ویب سائٹ فیس بک پر مسلح تصاویر اپلوڈ کرنے والے مزید تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تھانہ خزانہ اور تھانہ مچنی گیٹ پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان کا تعلق ورسک روڈ اور بخشو پل کے علاقوں سے ہے جنہوں نے فیس بک پر مسلح حالت میں تصاویر اپلوڈ کی تھیں،تینوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اسلحہ نمائش میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضہ سے جدید خودکار اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، تھانہ خزانہ اور تھانہ مچنی گیٹ پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس نے اسلحہ نمائش میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون شروع کیا ہے جس کے دوران سوشل میڈیاپر اسلحہ کی نمائش کرنے والے افراد کو بھی گرفتارکیاجا رہا ہے، گزشتہ روز پشاور پولیس سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے تھانہ خزانہ اور تھانہ مچنی گیٹ کی حدود میں اسلحہ کی نمائش میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے بعد ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ کامران مروت اور ایس ایچ او تھانہ خزانہ سلیم خلیل نے تین ملزمان اکرم ولد یوسف، ہدایت ولد حکیم اور محمد افضال ولد محمد فیاض کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزمان ورسک روڈ اور بخشو پل کے رہائشی ہیں جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران اسلحہ نمائش میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے

جن کے قبضہ سے جدید خودکار اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں