پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کا انتقال، خالی ہونیوالی نشست پر انتخاب کب ہو گا؟ الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا

پشاور (پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخاب کیلئے شیڈول جاری کردیا ہے، این اے33 ہنگو کی خالی سیٹ پر10 اپریل کو پولنگ ہوگی، یہ نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے خیال زمان کے انتقال کے باعث خالی ہوگئی تھی۔ دنیا نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی خیال زمان کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست کیلئے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے۔

این33 کی خالی سیٹ پر10 اپریل کو الیکشن ہوگا۔الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار کاغذات نامزدگی 28 فروری تا 3 مارچ تک جمع کروا سکیں گے۔ یاد رہے کہ14 فروری کو پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی خیال زمان انتقال کرگئے تھے۔ 2018ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی امیدوار خیال زمان اورکزئی نے28 ہزار 882 ووٹوں کے ساتھ ایم ایم اے کے عتیق الرحمان کو شکست دی تھی،عتیق الرحمان نے عام انتخابات میں28 ہزار 154 ووٹ حاصل کیے تھے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 29 مئی کو کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا پنجاب میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 29 مئی 2022ء کو ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں بلدیاتی انتخابات ڈی جی خان، راجن پور، مظفر گڑھ، خانیوال میں ہوں گے، بہاولپور، ساہیوال، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بلدیاتی انتخابات پہلے مرحلے میں ہوں گے۔ خوشاب، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، جہلم، اٹک، ڈی جی خان،راجن پور، مظفرگڑھ میں بلدیاتی الیکشن ہوں گے، لیہ، خانیوال، وہاڑی، بہاولپور میں پہلے مرحلے میں بلدیاتی الیکشن ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close