مظفر آباد، وزیراعظم آزاد کشمیر کو کیتھ لیب اینڈ کارڈیک سرجری ہسپتال کے حوالے سے سیکرٹری صحت میجر جنرل احسن الطاف کی بریفنگ

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو کیتھ لیب اینڈ کارڈیک سرجری ہسپتال مظفرآباد کے حوالہ سے سیکرٹری صحت میجر جنر ل احسن الطاف نے بریفنگ دی۔ سیکرٹری صحت نے وزیراعظم آزادکشمیر کو بتایا کہ مظفرآباد میں نئے وزیراعظم ہاؤس کو کارڈیک سرجری ہسپتال میں تبدیل کرنے کے حوالہ سے ماہرین کی خصوصی ٹیم نے گزشتہ ہفتے عمارت کا جائزہ لیا ہے اور نئے وزیراعظم ہاؤس کے بجائے آئسولیشن ہسپتال جو کہ مظفرآباد کلب کی عمارت میں قائم ہے کو کارڈیک ہسپتال کیلئے موزوں قراردیا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ہدایت کی تھی کہ نئے وزیراعظم ہاؤس کو کارڈیک ہسپتال میں تبدیل کیا جائے۔ نئے وزیراعظم ہاؤس کامعائنہ کرنے والی ٹیم میں پمز ہسپتال اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیق، ڈاکٹر فریداللہ،ایگزیکٹیو ڈائریکٹر راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر انجم جلال و دیگر شامل تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کارڈیک ہسپتال میں ایک کے بجائے دو کیتھ لیب بنائی جائیں گی جبکہ ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کی ٹریننگ کیلئے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی خدمات لی جائیں گی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ کارڈیک ہسپتال میں تمام جریدہ آسامیاں پی ایس سی کو جلد ارسال کی جائیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کارڈیک ہسپتال مظفرآباد میں تین ماہ کے اندر او پی ڈی فعال کر دی جائیگی جبکہ آٹھ ماہ کے اندر ان ڈور سروسز شروع کی جائیں گی جبکہ انجیو پلاسٹی اور انجیو گرافی ایک سال میں شروع کر دی جائیگی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close