عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کا حکم معطل

اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا پی ٹی آئی رہنما عمر امین گنڈا پور کو نااہل کرنے کا حکم معطل کر دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کیس کی سماعت کی جس کے دوران مدعی عمر امین گنڈا پور کے وکیل بیرسٹر علی ظفر اور آصف گجر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔عدالتِ عالیہ نے قرار دیا کہ علی امین گنڈا پور کی حد تک الیکشن کمیشن کا آرڈر آن فیلڈ رہے گا۔بیرسٹر علی ظفر نے عدالتِ عالیہ کو

بتایا کہ الیکشن کمیشن نے عمر امینگنڈا پور کو نااہل کیا ہے، الیکشن کمیشن نے پروسیجر کے بغیر آرڈر جاری کیا، سمری انکوائری کے بعد 50 ہزار روپے جرمانہ کیا جا سکتا ہے، اگر جرمانے کے بعد بھی دوسری دفعہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہو تو پھر ایکشن ہو سکتا ہے۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ نہ انکوائری ہوئی اور نہ رپورٹ کمیشن کو دی گئی اور نہ ہی عمر امین کو نوٹس دیا گیا، عمر امین کے بھائی وفاقی وزیر ہیں، ان کو ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا،

اگر عمر امین نے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہوتی تو انہیں پہلے نوٹس دینا تھا، عمر امین امیدوار ہیں، انہیں نااہل کر دیا گیا۔اس موقع پر عدالت کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کا آرڈر بھی پڑھ کر سنایا گیا۔وکیل اشرف گجر نے دورانِ سماعت عدالت کو بتایا کہ نوٹس نہیں دیا ساری کارروائی علی امین کے خلاف ہوتی رہی پھر آرڈر عمر امین کے خلاف جاری کر دیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close