عام بخار اور نزلہ زکام کی ادویات کی قلت اور بحران کوتشویشناک قرار دے دیا گیا

کراچی(آئی این پی)سماجی رہنما و ماہر تعلیم حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی کی وجہ سے شہری موسمی وائرل بخار اور دیگر بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں، عام بخار کی ادویات کی قلت اور بحران تشویش ناک ہے، دوا ساز کمپنیوں اور حکومت سے اپیل ہے کہ بخار کی دوا مہنگی نہ کی جائے، شعبہ صحت میں عوام کے لیئے آسانیاں پیدا کرنے کی ضرور ت ہے مافیاز اگر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا سبب ہیں تو ان کو لگام ڈالنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔

حنید لاکھانی نے کہا کہ معاشرے کے غریب طبقے کا سوچنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے سرکاری ہسپتال میں سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں اور وہاں بھی علاج غریب کی پہنچ سے دورہو چکا ہے، غریبوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے سرکاری ہسپتالوں کی حالت اور سہولیات کو بہتر بنا نا ہوگا، صحت کے شعبے کے لیئے جاری کیے جانیوالے فنڈ کی مکمل طور پر مانیٹرنگ ہونی چاہیے اور پورا چیک اینڈ بیلنس کا نظام ہونا چاہیے، سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملے کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لیئے ٹیموں کو وقتا فوقتا ہسپتالوں کو چیک کرنے کا پابند بنا نا چاہیے اور کوتاہی یا غفلت برتنے والے ملازمین اور اسٹاف کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے، انہو ں نے کہا کہ پورے عملے کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج کے لیئے آنے والے مریضوں کے ساتھ نرمی سے پیش ا?نے کے احکامات جاری کیے جانے چاہیے کیونکہ سرکاری ہسپتالوں کے عملے کا غریب مریضوں کے ساتھ بد سلوکی اور مارپیٹ کے واقعات بھی اکثر و بیشتر دیکھنے اور سننے کوملتے رہتے ہیں جو کہ شرمناک اور قابل مذمت عمل ہے،

انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبے کسی بھی معاشرے میں اہمیت کا حامل ہوتا ہے صحت مند لوگ ہی ملکی ترقی اور معاشرتی بہتری کے لیئے مضبوط کردار ادا کرسکتے ہیں بیمار معاشرہ مشکلات اور پریشانیوں کا باعث بنتا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے غریبوں کے لیئے صحت کارڈ کے اجراء کا اقدام قابل ستائش ہے لیکن یہ تب ہی فائدہ مند ثابت ہوگا جب اس سے غریب کو کوئی ریلیف ملے گا کیونکہ اس وقت ہر غریب انسان حکومت سے ریلیف چاہتا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں