حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنا فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی حمایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے ذرائع نے بتایا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارٹی سربراہ نواز شریف سے رابطہ کیا جس میں نواز شریف نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی حمایت کی کی۔ ن لیگ ذرائع نے کہا کہ شہباز شریف نے نواز شریف کو آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

نواز شریف نے شہباز شریف کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی۔ شہباز شریف نے فضل الرحمان کو زرداری اور بلاول بھٹو سے بات چیت سے متعلق آگاہ کیا، انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو بتایا کہ بالمشافہ ملاقات میں بھی انہیں اعتماد میں لیں گے۔دونوں قائدین کی بات چیت کی روشنی میں پی ڈی ایم اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ، پی ڈی ایم اجلاس بلانے کے لیے تاریخ کا اعلان مشاورت سے کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی بھی سامنے آئی۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے اسپیکرقومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا، عدم اعتماد کے وقت کا تعین چند دنوں میں کرلیا جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی معلوم ہوئی کہ ملاقات میں پیپلزپارٹی کی قیادت نے ن لیگی قیادت کو27 فروری کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دی جس پر ن لیگ نے لانگ مارچ میں شرکت کیلئے شرط رکھی کہ اگر پیپلزپارٹی لانگ مارچ کے اختتام پر اسلام آباد میں دھرنا دے گی تو ہم ساتھ دینے کو تیار ہیں۔ جس پر پیپلزپارٹی کی قیادت نے فی الحال دھرنا دینے سے انکار کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close