مستقل وائس چانسلر کی تقرری، جامعہ کراچی میں اساتذہ کے احتجاج کی صورت حال سنگین ہوگئی

کراچی(آئی این پی)جامعہ کراچی میں اساتذہ کے احتجاج کی صورت حال سنگین ہوگئی ہے، احتجاج کرنے والے اساتذہ نے آج دوسرے روز بھی تدریسی عمل معطل رکھا۔مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے مطالبے پر جامعہ کراچی کے اساتذہ سراپا احتجاج ہیں، اس حوالے سے سیکریٹری انجمن اساتذہ جامعہ کراچی محسن علی کا کہنا ہے کہ جامعہ میں آج بھی تدریسی عمل کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیکریٹری نے سلیکشن بورڈ کے دوران قوانین ماننے سے انکار کیا، یوم سیاہ سیکریٹری بورڈز اینڈ یونیورسٹی کے رویے کے خلاف منایا جائے گا۔ محسن علی کے مطابق سیکریٹری نے سلیکشن بورڈ منعقد ہونے نہیں دیا بلکہ نامناسب رویہ بھی اپنایا جو انتہائی ناقابل برداشت ہے۔سیکریٹری انجمن اساتذہ کا مزید کہنا ہے کہ حکومت سندھ جامعہ کے اختیارات ختم کرنا چاہتی ہے، جامعہ کراچی کے اختیارات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے سیکرٹری بورڈز و جامعات کے رویے کے خلاف مزید دو روز کلاسوں کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے جمعرات کو جنرل باڈی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close