جبری گمشدگی کہہ دیں ،بس پولیس کا بھی کام ختم اور عدالت کا بھی؟ بتائیں تو سہی کوئی دس سال سے کیوں کسی کو رکھے گا؟ لاپتا افراد کیس میں عدالت کا استفسار

کراچی(آئی این پی)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران ضلعی ٹاسک فورس کا نوٹیفکیشن دوبارہ مسترد کردیا،بدھ کوسندھ ہائیکورٹ میں لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے موقع پرجسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ اگر آپ عدالتی حکم عمل درآمد نہیں کرنا چاہتے تو بتادیں؟ لاپتا افراد کے اہل خانہ کبھی پولیس اور کبھی اداروں کے پیچھے بھاگتے رہتے ہیں۔

عدالت نے اے آئی جی لیگل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ جبری گمشدگی کہہ کر جان چھڑا لیتے ہیں، یہ کہہ کرسکون سے گھر میں سوجاتے ہیں جاکر، اب ذمہ داری ختم،عدالت نے پولیس حکام سے استفسار کیا کہ جبری گمشدگی کہہ دیں بس پولیس کا بھی کام ختم اور عدالت کا بھی؟ بتائیں تو سہی کوئی دس سال سے کیوں کسی کو رکھے گا؟ عدالت نے پولیس کی جانب سے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق پیش کی گئی رپورٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ہمیں آنکھوں میں دھول جھونکنے والی رپورٹ نہیں چاہیے، کمپیوٹر میں ٹائپ ایک جیسی رپورٹ کا پرنٹ لے کر آجاتے ہیں۔

عدالت نے صوبائی حکومت اور پولیس کو ٹاسک فورس کی نئی ایس او پیزبنانیکی مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت 22 فروری تک ملتوی کردی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں