بی آر ٹی بس سروس میں خواتین کو لوٹنے والی خاتون ڈکیت گرفتار، تعلق کہاں سے ہے؟

پشاور(آ ئی این پی) ایس ایچ او تھانہ ٹاؤن نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ کارروائی کے دوران بی آر ٹی بس سروس میں خواتین مسافروں کو لوٹنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمہ کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان سے ہے جو بی آر ٹی بس اسٹیشنز میں خواتین مسافروں کو لوٹنے سمیت مختلف تجارتی مراکز میں کھڑی گاڑیوں سے موبائل فونز اور دیگر اشیاء چوری کرنے میں بھی ملوث ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جس کے قبضہ سے ابتدائی طور پر چھ عدد مسروقہ موبائل فونز برآمد کر لئے گئے ہیں،

ملزمہ کو مزید تفتیش کے لئے وومن پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بی آر ٹی سٹیشن ٹاؤن سے ملنے والی شکایت کی روشنی میں ایس ایچ او تھانہ ابراہیم خان نے بی آر ٹی سٹیشن ٹا ؤن میں روزانہ کی بنیاد پر آنے جانے والے مسافروں کی کڑی نگرانی شروع کی جبکہ سٹیشن میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی نگرانی شروع کی گئی جس کے دوران ایک خاتون کے مشکوک حرکات و سکنات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی جبکہ گزشتہ روز مشکوک خاتون کی مشکوک حرکت پر لیڈیز پولیس کے ہمراہ حراست میں لے کر دوران تلاشی ملزمہ کے پرس سے چھ عدد مسروقہ موبائل فونز برآمد کر لئے گئے، خاتون ملزمہ کی شناخت مسماۃ (م) زوجہ حسام الدین کے نام سے ہوئی ہے جو افغان شہری ہے،

ملزمہ نے وومن پولیس اسٹیشن میں ابتدائی تفتیش کے دوران بی آر ٹی سٹیشنز میں خواتین مسافروں کو لوٹنے سمیت مختلف تجارتی مراکز میں کھڑی گاڑیوں سے بھی قیمتی اشیاء چوری کرنے کا انکشاف کیا ہے جس سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں