انجن چیسز نمبر تبدیل کرنے اور جعلی دستاویزات بنانے کے ماہر ملزمان پکڑے گئے، تفصیل جانیئے اس رپورٹ میں

پشاور(آ ئی این پی)تھانہ مچنی گیٹ پولیس نے شہر کے نواحی علاقوں میں سرگرم موٹر کار چور گروہ کا سراغ لگا کر سرغنہ سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں سے ایک کا تعلق افغانستان جبکہ دیگر پشاور کے مختلف علاقوں کے رہائشی ہیں جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران متعدد دیگر وارداتوں سمیت دارمنگی ورسک روڈ پر تبلیغی جماعت کے امیر کی گاڑی چوری کرنے کا اعتراف کر لیا ہے،

پانچوں ملزمان منظم موٹر کار چور گروہ کے ارکان ہیں جو انجن چیسز نمبرات تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ جعلی دستاویزات بنانے کے بھی ماہر ہیں، ملزمان مسروقہ گاڑیاں پارٹس کی شکل میں فروخت کرتے تھے جن کے قبضے سے تبلیغی جماعت کے امیر کی گاڑی پارٹس کی شکل میں برآمد کر لی گئی ہے، ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق مدعی گلاب ولد نذر محمد نے تھانہ مچنی گیٹ پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ وہ دین اسلام کی تبلیغ کے سلسلہ میں دارمنگی ٹاؤن آیا تھا جہاں سے اس کی گاڑی چوری کر لی گئی جس پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ کامران خان نے دوران تفتیش متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کو شامل تفتیش کر کے ان کی کڑی نگرانی شروع کی جس کے دوران واردات میں ملوث گروہ کا سراغ لگا کر گزشتہ روز گروہ کے سرغنہ سمیت پانچ ملزمان عباس ولد غلام، عماد حسین ولد زاہد حسین، جاوید ولد امیر بشر، ہدایت ولد کریم اور مسلم ولد طاوس کو گرفتار کر لیا،

ملزمان میں سے ایک کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان جبکہ دیگر پشاور کے رہائشی ہیں جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران متعدد وارداتوں کا اعتراف کرتے ہوئے مسروقہ موٹر کار پارٹس کی شکل میں فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے جن کے قبضے سے تبلیغی جماعت کے امیر گلاب کی گاڑی بھی پارٹس کی شکل میں برآمد کر لی گئی ہے، ملزمان سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران ان سے مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close