پاکستان میں غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی کا نیٹ ورک چلانے والے 13 ملزمان گرفتار

کراچی /اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی حساس ادارے اور ایف آئی اے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی کا نیٹ ورک پاکستان میں چلانے اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل نے وفاقی حساس ادارے کی نشاندہی پر کراچی کے چار مختلف مقامات پر کارروائی کی اور حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 13 افراد گرفتار کرلیے۔

حکام کی مطابق گرفتار افراد کا تعلق بیرونی انٹیلی جنس ایجنسی سے ہے جبکہ گرفتار ہونے والوں میں سوئس ایکسچینج کمپنی کے ملازمین بھی شامل ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سے 18 ہزار امریکی ڈالر، 2کروڑ 23 لاکھ پاکستانی روپے اور دیگر غیر ملکی کرنسی اور نہایت حساس اور غیر قانونی دستاویزات بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار شدہ افراد بیرونی انٹیلی جنس ایجنسی کی ایما پر ان کے پاکستانی نیٹ ورکس کو امداد اور رقوم کی ترسیل کا کام کرنے کے علاوہ پاکستان سے حساس نوعیت کی معلومات بیرونی ایجنسی کو بھی دیتے تھے

اور ملک دشمن عناصر کی پشت پناہی بھی کرتے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ گروپ گزشتہ 7 سالوں سے پاکستان میں متحرک تھا تاہم گرفتار 13 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close