چاند پر موجود بڑھیا کی جھونپڑی کا راز کھل گیا، حقیقت کیا ہے؟

بیجنگ (پی این آئی) چاند پر رہنے والی بڑھیا کی جھونپڑی کا راز فاش ہو گیا ہے اور خلا کی سائنس کے ماہرین نے اس کی حقیقت کا پتہ چلا لیا ہے۔ دلچسپ صورتحال تب سامنے آئی تھی جب گزشتہ ماہ چین کی خلائی گاڑی ’یُوٹو 2‘ نے چاند پر ایک پراسرار چیز دور سے دیکھی تھی جو کسی چوکور جھونپڑی کی طرح نظر آتی تھی چینی خلابازوں نے اس پراسرار جھونپڑی نما ڈھانچے کو خرگوش کا گھر جیسے مختلف نام دے کر دنیا بھر میں اس حوالے سے دلچسپ بحث چھیڑ دی تھی لیکن اب چینی خلابازوں کی طرف سے بنائی جانے والی مزید قریبی تصاویر سے معلوم ہوا ہے کہ وہ کوئی جھونپڑی نہیں بلکہ ایک پتھر ہے۔

’پراسرار جھونپڑی‘ کی حقیقت جاننے کےلیے ’یوٹو 2‘ روور کو آہستہ آہستہ اس کی سمت بڑھایا گیا جو روور سے اندازاً 262 فٹ دور تھی۔ چاند گاڑی نے ہر روز صرف چند فٹ فاصلہ طے کیا کیونکہ یہ سفر بہت احتیاط طلب تھا۔ بالآخر تقریباً ایک مہینے بعد یہ ’پراسرار جھونپڑی‘ کے نزدیک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔ اب ’یوٹو 2‘ چاند گاڑی نے اس ’پراسرار جھونپڑی‘ کی مزید تصاویر جاری کی ہیں جو خاصی قریب سے کھینچی گئی ہیں۔ ان سے معلوم ہوا ہے کہ یہ صرف ایک معمولی پتھر ہے جو نہ جانے کب سے وہاں پڑا ہوا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close