ہفتے میں تین دن کلاسز اور شارٹ سلیبس، اومی کرون کے بڑھتے پھیلائو کے پیشِ نظر اہم فیصلوں کا امکان، طلبا کیلئے بڑی خبرآگئی

اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں اومی کرون کے بڑھتے کیسز کا جائزہ لینے کیلئے کل وزرائے تعلیم کانفرنس ہوگی، جس میں اسمارٹ سلیبس اور ہفتے میں تین دن کلاسزکی تجاویز پر غورکیا جائے گا، کانفرنس میں ویکسی نیشن کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کورونا وائرس کی پانچویں لہر اومی کرون کے بڑھتے کیسز کے باعث کل 13 جنوری جمعرات کو دن 11 بجے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس بلا لی گئی ہے۔

کانفرنس کی صدارت وزیر تعلیم شفقت محمود کریں گے۔کانفرنس میں اومی کرون لہر کے بڑھتے کیسز کا جائزہ لیا جائے گا، کانفرنس میں کورونا کے باعث تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کی تجویز پر بھی غور ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ کانفرنس میں اسمارٹ سلیبس اورہفتے میں تین دن کلاسزکی تجاویز پربھی غورکیا جائے گا۔کانفرنس میں ویکسی نیشن لازمی قرا دینے کی تجویز بھی زیر غورہے۔ دوسری جانب بائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر نے کہا ہے کہ محفوظ تعلیمی ادارے ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔محکمہ صحت پنجاب بھر میں مستقبل کے معماروں کو کورونا وائرس سے محفوظ بنانے کے لیے خصوصی ویکسی نیشن کیمپس لگا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں 100فیصد ویکسی نیشن کو یقینی بنا کر ہی تعلیمی سرگرمیوں کو بلاتعطل جاری رکھا جا سکتا ہے۔ عمران سکندر بلوچ نے کہا کہ پنجاب کی تمام بڑی جامعات میں ویکسی نیشن کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔

یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے 20 ہزار سے زائد طالب علموں کو گزشتہ سال ویکسینیٹ کیا گیا۔یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے نئے آنے والے 5 ہزار سے زائد طالب علموں کو 15 روزہ کیمپ میں ویکسینیٹ کیا جائے گا۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے کہا کہ سکولز اور کالجز میں بھی موبائل ویکسی نیشن کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ موبائل ٹیمز کلاس رومز اور امتحانی مراکز میں جا کر سہولت فراہم کر رہی ہیں۔اب تک پنجاب کی 52 فیصد آبادی کو مکمل ویکسینیٹ کر چکے ہیں۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب میں ریچ ایوری ڈور ویکسی نیشن مہم کا فیز 2 کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ ویکسی نیشن اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے ہی ہم کورونا وائرس کے تمام ویرینٹس کو شکست دے سکتے ہیں۔ پنجاب کی زیادہ سے زیادہ آبادی کو ویکسینیٹ کر کے کورونا وائرس کا مقابلہ کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں