پاکستان کا پاسپورٹ کتنا طاقتور ہے؟ سال 2022کی رینکنگ جاری کر دی گئی

لندن(پی این آئی)عالمی درجہ بندی پر نظر رکھنے والے ادارے ہینلے نے پاسپورٹ کی سال 2022ء کی رینکنگ جاری کردی، جس کے مطابق جاپان اور سنگاپور دنیا کے طاقت ور ترین پاسپورٹ والے ممالک قرار پائے جبکہ درجہ بندی میں پاکستان کا 108واں نمبر رہا۔ہینلے رینکنگ کے مطابق جاپان اور سنگا پور فہرست میں پہلے نمبر پر رہے، ان دونوں ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے 192 ممالک کا بغیر ویزے کے سفر کرسکتے ہیں۔

دوسرے نمبر پر جرمنی اور سنگاپور، تیسرے پر فن لینڈ، اٹلی، اسپین، لگزمبرگ، چوتھے پر آسٹریا، ڈنمارک، فرانس، نیدر لینڈ سوئیڈن، پانچویں پر آئرلینڈ اور پرتگال کے پاسپورٹ رہے، جن کے حامل افراد بالترتیب 190، 189، 188، 187 ممالک بغیر ویزے کے جاسکتے ہیں۔اسی طرح بلیجیئم، نیوزی لینڈ، ناروے، سوئٹزلینڈ، برطانیہ اور امریکا چھٹے، آسٹریلیا، کینیڈا، چیک ری پبلک، مالٹا، یونان ساتویں، پولینڈ اور ہنگری آٹھویں، لتھوانیا، سلوواکیا نویں اور ایسٹونیا، لیٹویا، سلووینیا کے پاسپورٹ دسویں نمبر پر رہے، جن کے حامل افراد بالترتیب 186، 185، 183، 182، 181 ممالک کا بغیر اجازت سفر کرسکتے ہیں۔پاسپورٹ کی رینکنگ میں شمالی کوریا 104، نیپال اور فلسطین 105، صومالیہ 106، یمن 107 ، پاکستان 108، شام 109، عراق 110 اور افغانستان کا پاسپورٹ سب سے آخری یعنی 111 ویں نمبر پر رہا۔ہینلے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاسپورٹ کی درجہ بندی انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی مانیٹرنگ اور فراہم کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close