حوالہ ہنڈی میں ملوث کمپنیوں کیخلاف بڑا کریک ڈاون، کروڑوں روپے مالیت کی ملکی وغیر ملکی کرنسی برآمد

اسلام آباد(آئی این پی) سال نو کی شروعات میں ہی کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت اور حوالہ ہنڈی میں ملوث کمپنیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاون کرتے ہوئے کئی افراد گرفتار کرلئے ۔ایف آئی اے کے مطابق فیٹف کی سفارشات کی کمپلائنس میں ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی کی ہدایات پر ایف آئی اے اسلام آباد زون کے کمرشل بینکنگ سرکل کی کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث عمر انٹرنیشنل منی چینجر فرنچائز ایچ اینڈایچ کرنسی ایکسچینج کمپنی لمیٹڈ بلیو ایریا مدنی پلازہ کا مالک اور ملازمین گرفتار کرلئے ،

مینیجرعمر شاہد عزیزخان (مالک)،ظفراللہ بٹ اسسٹنٹ منیجر اور محمد بشارت کی شیر کو موقع پر رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا ، شاہد عزیز خان کی گرفتاری کے لیے کوشش تیز کر دی گئیں ، کمپنی میں بغیر کسی قانونی رسید کے غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت اور حوالہ ہنڈی کا کام کیا جا رہا تھا ، برانچ سے 5 کروڑ روپے مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی جس میں امریکی ڈالر،سعودی ریال،برطانوی پاونڈ،یورو،ترکش لیرا م، ریشین روبل، ایرانی ریال اور اماراتی درہم وغیرہ شامل ہیں ۔ترجمان کے مطابق غیر ملکی کرنسی کے ساتھ پچاس تولہ سے زائد سونا بھی برآمدکرلیا گیا ۔برانچ سے بغیر کسی قانونی ریکارڈ کے غیر ملکی کرنسی اور اور سونا برآمد ہوا جسے قبضہ میں لے لیا گیا اور پرچہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔ڈائریکٹر وقار احمد چوہان کے مطابق کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت اور حوالہ ہنڈی میں ملوث کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اعلامیہ کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر ایف آئی اے اسلام آباد زون کے کمرشل بینکنگ سرکل کے انچارج ڈپٹی ڈائریکٹراحمد رضوان خان کی قیادت میں ایک سپیشل 7 رکنی ٹیم جس میں سب انسپکٹر ندیم اختر اعوان،سب انسپکٹر افشاں نورین سب انسپکٹر ارباب فاروق، ، اے ایس آئی جواد احمد طلحہ، اے ایس آئی محمد رف صدیق، ہیڈ کانسٹیبل نیئر اور کانسٹیبل عدنان خان پر مشتمل ٹیم نے عمر انٹرنیشنل منی چینجر فرنچائز ایچ اینڈایچ کرنسی ایکسچینج کمپنی لمیٹڈ بلیو ایریا مدنی پلازہ اسلام آباد کے دفتر میں تمام قانونی لوازمات پورے کرتے ہوئے چھاپہ مارا۔ ٹیم تقریبا 5 گھنٹے مذکورہ کمپنی کے دفتر میں رہی اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پوری کاروائی کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں